حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان تہران یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات اور دینی اداروں میں تدبرِ قرآن کی تدریس اور فروغ کے حوالے سے معروف ہیں، جبکہ ادارہ تنزیل پاکستان بھی قرآن فہمی اور تدبرِ قرآن کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔

اس موقع پر معزز مہمانوں نے BIS فاؤنڈیشن پروگرام کی کلاسز کا دورہ کیا، جہاں پروگرام کے ہیڈ برادر یاسر عباس نے ان کا خیرمقدم کیا اور تدریسی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے بانی رکن و کونسل ممبر برادر شجاعت حیدر، BIS کے چیئرمین برادر کاشف زیدی، فاؤنڈیشن ایڈمن برادر منیل حسنین، اکیڈمک انچارج خواہر اصغری ام البنین، سینئر منتظم خواہر نورین، بورڈ سیکرٹری برادر دبیر رضا اور فاؤنڈیشن کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
مہمانوں نے مختلف کلاسز کا دورہ کیا اور وہاں جاری تدریسی سرگرمیوں کا قریب سے جائزہ لیا۔

اس دوران انہوں نے طلباء و طالبات اور اساتذہ سے ملاقات کی اور احکام، عقائد، اخلاق اور قرآن مجید کی تدریس میں قرآن و حدیث سے استفادے کے طریقۂ کار اور طلبہ کی فعال شرکت کو سراہا۔
ڈاکٹر چیت چیان نے طلبہ سے جاری اسباق کے حوالے سے سوالات بھی کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے ادارے کی انتظامیہ اور اساتذہ کی تعلیمی و تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مہمانوں کی آمد اور ان کی حوصلہ افزائی پر طلبہ بھی انتہائی مسرور دکھائی دیے۔

فاؤنڈیشن پروگرام کی کلاسز کے علاوہ معزز استاد نے ریفریشر کورس کی کلاس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور استاد محترم مولانا سید ضیغم علی رضوی سے ملاقات کی اور عقائد اور تدبر قرآن کی اہمیت نیز ان دونوں کے باہمی ربط کے موضوع پر اظہارِ خیال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے IRC سینٹر میں کلاس سے متصل شیخ مفید لائبریری کا دورہ بھی کیا۔
دورے کے اگلے مرحلے میں برادر ہادی راجانی نے مہمان اساتذہ کو ایک خصوصی پریزنٹیشن کے ذریعے BIS، اس کے تعلیمی و تربیتی مقاصد اور مختلف کورسز کے بارے میں تفصیلی تعارف پیش کیا۔
اس کے بعد ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان نے BIS کی انتظامیہ، سینئر اراکین اور فاؤنڈیشن و ریفریشر پروگرامز سے وابستہ اساتذہ اور رضاکاروں سے خطاب کیا۔

انہوں نے ادارے کی خدمات، جاری تدریسی سرگرمیوں اور طلبہ کی علمی و تربیتی فعالیت کو سراہتے ہوئے تدبرِ قرآن اور عقائد کی مؤثر تدریس کے معاشرے پر روحانی، فکری اور سماجی اثرات کے حوالے سے نہایت بصیرت افروز گفتگو کی۔
اس موقع پر ادارہ تنزیل پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر سید علی عباس نقوی کے علاوہ دورے کے انتظامات میں معاونت کرنے والے BIS المنائی برادر احسان اور سینئر رکن برادر حسنین عابدی نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔ مقررین نے دورے کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے دونوں اداروں کے مشترکہ دینی و تعلیمی مقاصد کے حصول کے لیے باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کا ذریعہ بنے گی۔

دورے کے اختتام پر BIS کی جانب سے معزز مہمانوں کو خصوصی یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر BIS کی سینئر رکن و سابقہ کونسل ممبر خواہر ہما آفاق جو ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان کی خصوصی نشست کی نظامت کے فرائض بھی انجام دے رہی تھیں انھوں نے مہمانوں کی آمد اور اس یادگار دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے ایک یادگار اختتامی لمحے میں ڈاکٹر محمد باقر چیت چیان نے ’’مجمع مدارس دانشجویی قرآن و عترت علیہم السلام‘‘ کی جانب سے BIS کو ایک خصوصی سووینئر پیش کیا، جس میں شہید رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی جانب سے 1974ء میں تدبرِ قرآن کی اہمیت پر کی گئی تقریر کا ایک اقتباس شامل تھا۔ یہ خوبصورت یادگاری سووینئر BIS کے چیئرمین نے وصول کیا۔

یہ دورہ نہ صرف BIS کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کا ایک اہم موقع ثابت ہوا بلکہ قرآن فہمی، تدبرِ قرآن اور دینی تعلیم کے فروغ کے لیے دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون، علمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ جدوجہد کی ایک خوش آئند بنیاد بھی بنا۔










آپ کا تبصرہ